بے مثل شہرت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
ہرسُو ہے نکہت ہے آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
آپ نے پایا دوشالہ نور کی سرکارﷺ سے
ایسی ہے لَمْعَتْ آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
بدر کے تحفوں میں شرکت سے یہ عُقْدہ حل ہوا
مقبول خدمت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
آپ ذوالنورین ہیں اور جامع القرآن ہیں
ہر جا ہے عظمت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
آپ ہیں پیکر حیا کے اور وفا کی کان ہیں
کیا خوب عفت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
آپ کےحسن حیا سے ہے فرشتوں میں حیا
ایسی ہے عزت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
آپ نے اپنے لہو سے کفر کو بے دم کیا
وہ ہے ذہانت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
مولا علی نے جابجا کیسی بیاں فرمائی ہے
شانِ سخاوت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
حاؔفظ مَدَحْ خواں آپ کا ایسی بصارت دیجئے
کرلوں زیارت آپ کی یا حضرت ِعثمان غنی
(۲۲ جمادی الاولی ۱۴۱۶ھ۔ ۱۶ نومبر ۱۹۹۵ء)