/ Friday, 14 March,2025


خلق پہ لطف خدا حضرت عثمان ہیں





معروضہ ببارگاہ حضرت ذوالنورین امام المسلمین عثمان غنی ﷜
خلق پہ لطفِ خدا حضرتِ عثمان ہیں
جملہ مرض کی دوا درد کے درمان ہیں

دستِ شہ دوسَرا جو کہ یَدُ اللہ تھا
ہاتھ بنا آپ کا آپ وہ ذی شان ہیں

نورِ دل و عین ہیں صاحبِ نورین ہیں
سب کے دل کا چین ہیں مومنوں کی جان ہیں

گلشنِ دین کی بہار مومنوں کے تاجدار
عزتِ ہر ذی وقار زینتِ ایمان ہیں

آپ ممدوح جہاں خلقِ خدا مدح خواں
کیا ہے اگر بد گماں چند بے ایمان ہیں
حق نے وہ رتبہ دیا تم غنی ہم سب گدا
کیا کہوں میں تم ہو کیا عقل و دل حیران ہیں

جو ہیں امام انام جسکے ہم سب ہیں غلام
مرجع ہر خاص و عام حضرتِ عثمان﷜ ہیں

بابِ سخا کھل گیا دیکھا جو یہ ماجرا
غازیانِ مصطفیٰﷺ بے سر و سامان ہیں

تم غنی سالکؔ گدا اک نظر بہرِ خدا
آپ جہاں کے لئے رحمتِ رحمان ہیں