حضرت علی شرف الدین المعروف علی شاہ جیلانی علیہ الرحمۃ
حضرت سید علی شرف الدین المعروف علی شاہ جیلانی رحمہ اللہ حضور غوث اعظم کے اولاد امجاد سے ہیں، صاحب سلسلہ ،اھل دل متبع شریعت ، مقتداء طریقت اور بڑے باکمال ولی تھے۔ آپ کا سلسلہ نسب حضرت غوث اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کے تیسرے صاحبزادہ حضرت سیدنا عبدالعزیز جیلانی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے جا ملتا ہے آپ خود اپنے شجرہ نسب سے متعلق تحریر فرماتے ہیں: اما بعد فیقول العبد الفقیر المقر بالعجز والتقصیر الراجی عفو بن الولی السید علی شرف الدین، المعروف علی شہ بن السید حسین بن زکریا بن السید یحی بن السید احمد بن السید سلمان بن السید مصطفٰی بن السید زین الدین بن السید محمد درویش السید زین الدین بن السید شرف الدین بن السید شمس الدین بن السید محمد الھتاک بن السید عبد العزیز بن السید السادات قطب الوجود الدۃ البیضاء مالک ازمتہ المتصرفین رئیس المجو بین الامام الفرد سلاب الاحوال قطب الاقطاب غوث الاعظم الجامع بن المعشوقین السید عبدالقادر جیلانی قدس سرہ۔آپ کو بغداد شریف میں رہ کر مخلوق خدا کی رہبری کرنی تھی لیکن حضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ، اور پھرسرکار دو عالم فخر موجودات ﷺ نے یکے بعد دیگر خواب میں ارشاد فرمایا کہ ‘‘ہند’’ جائیے۔ لیکن غیر آباد علاقہ کو آباد کرنا ہوگا۔اور ہر بات کے ذمہ دار ہم ہیں۔ آپ اس فرمان عالی شان کے بعد بغداد سے چل کر اجمیر شریف پہنچے جہاں پر آپ کی سید صالح محمد شاہ جیلانی رانی ہو (سندھ) والے سے ملاقات ہوئی اور ان کی دعوت پر آپ رانی پور تشریف لائے کافی عرصہ آپ کے یہاں (رانی پور میں قیام رہا اور خلقہ مریدین دن بدن بڑھتا گیا پھر گیا پھر کسی بات سے ناراض ہوکر رانی پور کو ترک کرنے کا ارادہ فرمایا اور ہجرت فرماکر‘‘پنجوڈیرہ’’ تشریف لائے چوں کہ آپ کو حکم تھا کہ کسی غیر آباد علاقہ کو آباد کریں پھر آپ نے وہاں سے ‘‘خیرو دیرہ’’ ضلع لاڑکانہ جو کہ ایک غیر آباد علاقہ تھا، میں مکمل سکونت اختیار کرلی۔ آپ کے قدم رنجہ فرمانے کی برکت سے اللہ نے اس علاقہ کو آباد کیا۔ حضرت السید علی شاہ علیہ الرحمۃ بیماری کی حالت میں علاج کی غرض سے کراچی تشریف لائے جناب اللہ بخش گبول جو کہ آپ کا مرید تھا ان کے پاس قیام تھا ۔ آپ نے یہاں وفات فرمائی آپ کی وصیت کے مطابق آپ کو خیرو دیرہ میں لایا گیا اور وہیں تدفین عمل میں آئی۔
آپ کا مزار ‘‘خیر ودیرہ’’ ضلع لاڑکانہ میں مرجع خلائق ہے ہزار ہا انسان آپ کی قبر انوار پر حاضر ہوتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ آپ کی برکت سے بامراد کرتاہے۔
(المکتوب عزیزی علامہ غلام مصطفیٰ قادری ، خیرودیری، حال مدرس دارالعلوم غوثیہ رضویہ سکھر)
(تذکرہ اولیاءِ سندھ )