حضرت فاضل جلیل مولانا ہدایت الحق حضرو کیمبل پور علیہ الرحمۃ
استاذ العلماء حضرت علامہ مولانا مفتی ابو الاحسان ہدایت الحق ابن مولانا احمد نبی صاحب ۱۳۴۵ھ / ۱۹۲۶ء میں سنگل کوٹ(بٹل) مانسہرہ، ہزارہ کے ایک کٹھان خیل گھرانے میں پیدا ہوئے۔
آپ نے اردو تعلیم چار جماعتیں پڑھنے کے بعد علوم عربیہ کی کتب متداولہ مختلف مقامات پر ماہرینِ فنِ تدریس علماء کرام سے پڑھیں۔ آپ کے اساتذہ میں حضرت مولانا ضیاء الدّین مکھڈ شریف، حضرت مولانا ولی احمد بہاول پور، حضرت مولانا عبد الحق غور غشتی اور مولانا محب النبی رحمہ اللہ کے اسمائے گرامی آتے ہیں۔
تکمیل فنون اورکتبِ حدیث پڑھنے کےبعد ۱۳۵۹ھ / ۱۹۴۰ء میں دار العلوم انجمن نعمانیہ لاہور سے سندِ فراغت و دستارِ فضیلت حاصل کی۔
درسِ نظامی میں شامل تمام فنون کی کتب متداولہ اور کتبِ حدیث کئی مرتبہ پڑھا چکے ہیں تین ماہ جامعہ نعیمیہ لاہور میں مسند تدریس پر فائز رہے اور اس کے بعد تاحال جامعہ عربیہ حقائق العلوم حضرو میں تدریسی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔
آپ جامع مسجد مقبرہ حضرو میں فرائضِ خطابت سرانجام دینے کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں میں تبلیغ و اشاعتِ دین کی خاطر دورے بھی فرماتے ہیں۔
آپ کی روحانی نسبت سلسلۂ نقشبندیہ میں حضرت پیر غلام محی الدّین غزنوی علیہ الرحمۃ سجادہ نشین دربار نیریاں شریف (آزاد کشمیر) سے ہے۔ تقریباً سولہ سال قبل آپ نے ان سے شرفِ بیعت و خلافت حاصل کیا۔
۱۳۹۵ھ / ۱۹۷۵ء میں آپ حج بیت اللہ شریف اور زیارت روضۂ رسول کی سعادت سے بہرہ ور ہوئے۔
حضرت مولانا ہدایت الحق نے تحریکِ ختم نبوّت میں ناظم مجلسِ عمل حضرو کی حیثیت سے بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا اور اس مقدّس مشن کو آگے بڑھانے میں شب و روز محنت کی۔
آپ نے خطابت و تدریس کے ساتھ مختلف موضوعات پر چند کتب تصنیف فرمائیں، جو مندرجہ ذیل ہیں:
۱۔نافع المسلمین (مختلف مسائل)، ۲۔ گنجینۂ تصوّف، ۳۔ مقاصدِ ابرار، ۴۔ اوضح البیان فی جواز حیلۃ الاسقاط مع دوران القرآن(حیلۂ اسقاط کا ثبوت)، ۵۔ جواہر البیان المسمّیٰ خلاصۃ القرآن، (مضامین قرآن پر مشتمل رسالہ)
آپ کے جاری کردہ فیضانِ علومِ اسلامیہ سے جن علماء نے اکتساب کیا، ان میں سے چند یہ ہیں:
۱۔ مناظِر و خطیبِ اہل سنّت مولانا محمدعبدالمالک لقمانوی خطیب اعظم مانسہرہ ہزارہ
۲۔ مولانا عبد القیوم سرحدی، خطیب دیولی سادات
۳۔ سیّد مولانا جیلانی شاہ، خطیب چکار(آزاد کشمیر)
۴۔ مولانا خلیل الرحمٰن، قندھار(کابل)
۵۔ مولانا سیّد ابرار شاہ، سوات
آپ کے تین صاحبزادے ہیں، جن کے نام یہ ہیں:
۱۔ صاحبزادہ احسان الحق۔
۲۔ صاحبزادہ مفتاح الحق۔
۳۔ صاحبزادہ اظہار الحق[۱]
[۱۔ یہ تمام کوائف حضرت مولانا ہدایت الحق نے راقم کے نام ایک مکتوب میں تحریر فرمائے۔]
(تعارف علماءِ اہلسنت)