حضرت شاہ معروف خوشابی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ
نام و نسب: آپ کا نام نامی محمد معروف ابنِ شیخ موسیٰ بن شیخ مودود بن شیخ بدر الدین سلیمان بن شیخ الاسلام خواجہ فرید الدین مسعود گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ ہے۔ لقب: مخدوم، مجمع البحرین۔ خطاب: شاہ صاحب۔ شاہ معروف کے نام سے مشہور تھے۔ آپ کا سلسلہ نسب چند واسطوں سے خلیفہ ثانی امیر المؤمنین سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ سے ملتا ہے۔
مقامِ ولادت: آپ علیہ الرحمہ کی ولادت صوبہ پنجاب، نواحِ پاک پتن ،بستی چشتیاں میں ہوئی۔
تحصیلِ علم: آپ نے تمام ظاہری وباطنی علوم اپنے والد ہی سے حاصل کی ۔
بیعت کوخلافت: آپ اپنے والد کے دستِ حق پرست پرسلسلہ چشتیہ میں بیعت ہوکر خرقہ خلافت بھی حاصل کیااور سلوک کے تمام مراحل والد کی نگرانی میں ہی طے کیا۔ حضرت مخدوم سید مبارک حقانی گیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے اجلہ خلفا ءسے بھی تھے اور سلسلہ قادریہ میں ان سے بیعت ہوکر قادریہ سلسلہ کی بھی خلافت حاصل کی۔
سیرت وخصائص:حضرت شاہ معروف خوشابی رحمۃ اللہ علیہ اوصافِ جمیلہ کے حامل، غوث الدنیا والدین، قطب الاسلام و المسلمین، قاسم انوارِ ربانی، مَوردِ الطافِ یزدانی، سید العرفا، رئیس النجباء، شاہبازِ اوچ چشتیہ، آفتابِ چرغ قادریہ، سلطان العارفین، امام الواصلین، صاحبِ ترک و تجرید و عشق و محبت و وجد و سماع تھے۔ بعد عطائے خلافت بہت عرصہ تک ترویج سلسلہ چشتیہ کرتے رہے۔ پھر وہاں سے با جازتِ روحانیت حضرت خواجہ فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ خوشاب شریف کے جنگل میں موضع بولا کے قریب وارد ہوئے، اور اس علاقہ میں سالکوں کی دستگیری کرتے رہے، چنددن جنگل میں قیام فرما کر پھر خوشاب میں سکونت پذیر ہوئے۔آپ یاد الٰہی میں ہر دم مستغرق رہتے، جس طرف تشریف لے جاتے، آپ کا عام شہرہ ہوجاتا اور خلقت کا ہجوم آپ کے گرد جمع ہوجاتا، آپ ہر چند سترِا حوال میں کوشش کرتے مگر آفتاب کا چھپنا محال ہے، ندائے غیبی سے لوگوں کو اطلاع ہوجاتی۔ بیشمار لوگ آپ کے فیض سے مستفیض ہوئے، اگر بیمار پر نظر کرتے تو شفا پا جاتا، اگر گدا پر نظر کرتے تو وہ بادشاہ ہوجاتا۔
شاہ معروف لقب ملنے کی وجہ:
جس وقت آپ اپنے پیرومرشد سے وداع ہونے لگے تو حضرت مخدوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے آپ پر نگاہِ جلالیت ڈالی، تو اُس وقت آپ کا بند بند ایک دوسرے سے جدا ہوگیا پھر جب آپ اصلی حالت پر مجسم ہوئے تو اُنہوں نے فرمایا اے فرزند! تم شیخ معروف تھے، آج ہم نے تم کو شاہ معروف کر دیا ہے۔
تاریخِ وفات: حضرت مخدوم شاہ معروف چشتی فاروقی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات بتاریخ 10محرم الحرام 987ھ/ بمطابق مارچ 1579ھ ہوئی۔ آپ کا مزار مبارک موضع کھرولی، متصل خوشاب،پنجاب میں ہے۔
ماخذ ومراجع: شریف التواریخ