حضرت سید حمیدالدین احمد گیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
اوصافِ جمیلہ
آپ معدن العلوم و الانوار، مخزن الفضائل و الاسرار، سلطان الطریقت، برہان الحقیقت، قبلہ مقبلانِ عالم، کعبہ محققانِ بنی آدم، فقیہ الفاضِل، محدث الکامِل، غوث العالمین تھے۔ حضرت شیخ سید ابو المنصور صفی الدی عبد السلام صوفی گیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند اکبر و مرید و خلیفہ اعظم و سجادہ نشین تھے۔
نام و لقب
آپ کا اسم گرامی احمد،
[۱] [۱۔ بحر السرائر۔ شجرۃ الانوار]
کنیت
ابو العباس،
[۱] [۱۔ شجرۃ الانوار]
ابو المسعود،
[۱] [۱۔ بحر السرائر]
ابو نصر،
[۱] [۱۔ باغ سادات]
لقب
شریف حمید الدین،
[۱] [۱۔ تذکرہ غوثیہ]
علم الدین،
[۱] [۱۔ بحر السرائر]
گنج بخش،
[۱] [۱۔ اسرار المعرفت]
فیض اللہ عسکری،
[۱] [۱۔ باغ سادات]
شیخ شیوخ العالم تھا۔
[۱] [۱۔ بحر السرائر]
کتاب بحر السرائر میں آپ کا پورا نام سید ابو المسعود علم الدین احمد لکھاہے۔
ولادت
آپ کی ولادت با سعادت بقول صاحب بحر السرائر 558ھ پانچ سو اٹھاون ہجری مطابق 1163ء ایک ہزار ایک سو تریسٹھ عیسوی میں میں بعہد خلافت المستنصر باللہ ابو المظفر یوسف بن المقتضی بن المسئظہر عباسی بمقام بغداد شریف ہوئی۔
تحصیلِ علوم
آپ نے علومِ متداولہ فقہ و حدیث اپنے والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور احسن بن ابی العلاء بن علی عبد اللہ وغیرہ اساتذہ سے حاصل کیے۔
[۱] [۱۔بحر السرائر خطی۔ غوث اعظم ص ۳۰۴۔ شرافت]
اپنے جد بزرگوار حضرت سید سیف الدین عبد الوہاب رحمۃ اللہ علیہ کو دیکھا تھا۔ اور حقائقِ توحید کا سبق اُن سے بھی ملا تھا۔ اُس وقت آپ کی عمر مبارک پینتیس (35) سال تھی۔
بیعت و خلافت
آپ نے بیعتِ طریقت اپنے پدر عالیقدر شیخ المشائخ حضرت سید ابو المنصور صفی الدین عبد السلام صوفی گیلانی بغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے دست حق پرست پر کی اور خرقہ خلافت و ارشاد حاصل کیا۔ [۱] [۱۔ بحر السرائر]
مشایخ صحبت
آپ نے سید اصغر قادری رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ شیوخ کی صحبت سے بھی فیض پایا۔
[۱] [۱۔ خزینۃ الاصفیا جلد اول ص ۱۲۲]
نیابتِ غوثیہ
والد بزرگوار کے بعد مسند ارشادِ غوثیہ پر بیٹھ کر بکمال ورع و تقویٰ خلقت کی رہنمائی کی۔ مدرسہ سعیدیہ غوثیہ کی تولیت بھی آپ کے متعلق تھی۔ درس تدریس سے اس کی رونق کو اپنے عہد میں دوبالا کیا۔
صاحب بحر السرائر نے لکھا ہے کہ ابو المسعود علم الدین سید احمد کا درس بہت بڑا تھا۔ صاحب علم و حلم ذی حال الفاخر تھے۔
رُوم تشریف لے جانا
ایک مرتبہ آپ ولایتِ رُوم کی طرف سیر کو تشریف لے گئے۔ وہاں کی آب و ہوا آپ کو بہت پسند آئی۔ آپ کا ارادہ ہوا کہ اسی کو اپنا دار الارشاد مقرر کیا جائے۔ مگر متردد تھے۔ آخر آپ کو بیداری میں حضرت غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی زیارت ہوئی۔ اُنہوں نے رُوم رہنے کی اجازت دے دی۔ سید سعد اللہ رضوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں۔
’’بحسب امرِ پدر جد خود کہ دریقظہ بوے شدہ بود در انجا مسکنت گرفت‘‘[۱] [۱۔ بحر السرائر۔ شرافت]
یعنی اپنے دادا کے باپ کی اجازت سے روم میں سکونت پذیر ہوئے۔ اور وہ حضرت غوث اعظم ہی تھے۔ مگر قاضی بر خوردار ملتانی نے کتاب غوثِ اعظم میں والد اور جد کی اجازت سے روم جانا لکھا ہے۔ [۱] [۱۔ غوث اعظم ص ۳۰۴۔ شرافت]
سید علی اصغر گیلانی رحمۃ اللہ علیہ نے شجرۃ الانوار میں لکھا ہے۔
’’سید ابو العباس احمد (درہنگامہ) ہلا کو خاں و تارا جے و قتل عام بغداد از بغداد بروم رفت و بعد انطفائے آتش ہلاکو خاں در حلب کہ شہر شام و مملکت روم است توطن اختیار فرمود‘‘
’’سید ابو العباس احمد ہلاکو خاں کے قتل و تاراجِ بغداد کے وقت بغداد سے رُوم چلے گئے اور اس ہنگامہ کی آگ سرد ہونے پر آپ حلب میں سکونت گزین ہوگئے۔ جو ملکِ شام کا شہر اور مملکت رُوم میں ہے۔‘‘
بعد کے مورخین مفتی غلام سرور لاہوری وغیرہ نے بحوالہ شجرۃ الانوار اپنی تصانیف میں اسی روایت کو درج کیا ہے۔
لیکن صاحب شجرۃ الانوار کا یہ لکھنا کہ ہلاکو خاں کے تاراج بغداد کے زمانہ میں حضرت سید ابو العباس احمد رحمۃ اللہ علیہ بغداد شریف سے روانہ ہوئے یہ درست نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ واقعہ بقول تاریخ الخلفا علامہ حافظ سیوطی رحمۃ اللہ علیہ 656ھ چھ سو چھپن ہجری میں گذرا۔ اور حضرت سید احمد اس سے چھبیس (26) سال پہلے 630ھ چھ سو تیس ہجری میں رُوم میں وفات پا چکے تھے۔ جیسا کہ بحر السرائر سے ثابت ہے۔
صاحب بحر السرائر کا یہ تحریر کرنا کہ سید ابو المسعود احمد حضرت غوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے حُکم سے جو یقظہ (بیداری) میں آپ کو ہوا۔ رُوم میں سکونت گزین ہوئے یہ بالکل صحیح اور قرین عقل ہے۔
نیز شجرۃ الانوار 1192ھ سے بعد کی تصنیف ہے۔ اور بحر السرائر کا زمانہ تصنیف حضرت مخدوم سید ابو الحسن جمال الدین محمد غوث ثانی گیلانی ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کا عہد سجادگی ہے جو (1083ھ تا 1137ھ)
[۱] [۱۔ غوث اعظم ص ۳۵۹] ہے یعنی اس سے ستر (70) اسی (80) سال پہلے تصنیف ہوئی اور خحادیم گیلانیہ ملتان کا کتب خانہ اس کے مصنف سید سعد اللہ الرضوی رحمۃ اللہ علیہ کے زیر مطالعہ تھا۔
شہرہ قطبیت
آپ صاحب وقار تھے۔ آپ کی ولایت عظمیٰ اور قطبیت کبریٰ کا اکثر دُور دراز شہروں میں ڈنکا بج رہا تھا، چونکہ آپ سلسلہ قادریہ وہابیہ کے خلیفہ اعظم اور خاندانِ گیلانی صفویہ کے سجادہ نشین اجلّ تھے اس لیے دیارِ رُوم کے بےشمار لوگ جَوق در جَوق خدمت میں حاضر ہوکر آپ کے حلقہ بیعت میں داخل ہوتے تھے۔
[۱] [۱۔ بحر السرائر خطی۔ غوثِ اعظم ص ۳۰۴۔ شرافت]
کرامات
نگاہِ شفقت
آپ کے چہرہ انور پر تجلیاتِ ذاتی کا اتنا ظہور تھا کہ جو شخص آپ کو دیکھتا وہ عاشق ہو جاتا، اور اگر آپ کسی فاسق پر نظر شفقت ڈالتے تو وہ کامل ولی بن جاتا۔ حضرت مولانا سید حافظ محمد حیات نوشاہی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں۔
ہر کہ دیدے روئے او عاشق شدے
پاک گشتے گرچہ بس فاسق بُدے
کلماتِ طیّبات
نصائح
آپ نے سالکانِ راہ حق کو فرمایا ہے۔ نفس اور اس کی خواہشوں اور ارادوں اور نیّتوں سے موتِ اختیاری حاصل کرو، تمام خلقت سے اور اپنے کاموں میں ان کی طرف رجوع لانے سے انقطاع اختیار کرو، لوگوں سے اور جو کچھ اُن کے قبضہ میں ہے اور اسباب کے تعلق سے بالکل قطع کرو۔ خدائے کریم اور وہاب پر توکل رکھو، اور ہمیشہ جدو جہد قوی رکھو۔ علوم دینیہ میں اشتغال رکھو۔ فقیروں کی مجالست اختیار کرو، بادشاہوں اور دولت مندوں سے مستغنی رہو، شیطانِ لعین کے مکائد سے ہمیشہ خدا تعالیٰ کی جناب میں پناہ مانگتے رہو، اور خدا کریم کی مہربانیوں کی امید رکھو، دل میں حُزن طویل رکھو مگر چہرہ کو ہشاش بشاش معلوم کراؤ۔
[۱] [۱۔ تکملہ مفتاح الفتوح قلمی بخط شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ]
اَولادِ کرام
بقول صاحب بحر السرائر حضرت سیّد احمد کی زوجہ خاندان قرشیہ ہاشمیہ اسدیہ سے تھیں۔ اُن کے بطن سے صرف ایک فرزند تولد ہوا۔ وہ بھی ضعیفی کے وقت ’’در وقتِ پیری تولد یافتہ بود‘‘ ان کا نام ابو البرکات محی الدین سید مسعود تھا۔ اِن کے سوا آپ کی کوئی اولاد نہ تھی۔
ف
بعض تحریرات اور شجرہ جات میں سید ابو العباس احمد رحمۃ اللہ علیہ کی دو (۲) بیویوں اور اولاد کے اسماء ذیل بھی پائے جاتے ہیں۔ بیویاں یہ ہیں۔
سیدہ بخت بھری بنت شاہ نظر محمد لاہوری رحمۃ اللہ علیہ۔
سیدہ قدرت خاتون بنت سید فرید پشاوری رحمۃ اللہ علیہ۔ [۱] [۱۔ باغِ سادات قلمی شرافت]
اور چھ بیٹوں کے یہ نام بھی پائے جاتے ہیں۔
سید علی بیابانی رحمۃ اللہ علیہ کتاب باغِ سادات ڈرّ نجف ظہور ایمان میں ہے کہ سید محمد صاحب کتاب بحرا لمعانی اِن کی اولاد میں سے تھے۔ ابنِ سید احمد بن بہ علی بیا بانی رحمۃ اللہ علیہ۔ مگر حضرت شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے بحر المعانی کے مصنف کا نام نامی سید محمد بن جعفر المکی الحسینی لکھا ہے۔ اور لکھتے ہیں کہ انہوں نے کتاب بحر الانصاب میں اپنا نسب خود بیان کیا ہے۔ [۱] [۱۔ اخبار الاخیار ص ۱۳۶]
سید زکی الدین رحمۃ اللہ علیہ۔ کنز الانصاب میں ایک نسب نامہ اس طرح آپ سے ملایا ہے۔ سید امیر اللہ وعباد اللہ و نور اللہ وباب اللہ ویتیم اللہ فرزندان سید نعمت اللہ بن محمد باقر بن محمود بن علی بن جلال الدین بن محمد فیروز بن عثمان بن شمس الدین بن نور الدین ضیاء الدین بن سید زکی الدین بن سید احمد۔ [۱] [۱۔ باغِ سادات المعروف دُر نجف ظہور ایمان۔ گنجینہ شرافت قلمی ص ۴۹۱ بحوالہ کنز الانساب ص ۳۳۔ شرافت]
سید اسمٰعیل رحمۃ اللہ علیہ۔
سید زین العابدین رحمۃ اللہ علیہ
سید سلیمان رحمۃ اللہ علیہ
سید عباس رحمۃ اللہ علیہ۔
مگر سید سعد اللہ الموسوی الرضوی رحمۃ اللہ علیہ نے بحر السرائر میں بتصریح لکھا ہے کہ ’’سوائے یک پسرا بنا و بناتِ دیگر ند اشتند‘‘ یعنی حضرت سید احمد رحمۃ اللہ علیہ سوائے ایک بیٹے (سید مسعود) کے اور کوئی بیٹے اور بیٹیاں نہیں رکھتے تھے نیز نسب نامہ سادات پیر کوٹ سدھا نہ ضلع جھنگ میں بھی یہی لکھا ہے کہ حضرت سید احمد کے صرف ایک ہی فرزند سید مسعود تھے۔ اِن کا ذکر آگے لکھا جائے گا۔ میں نے (شرافت نے) یہ جو تفصیل دی ہے۔ محض ناظرین کے علم میں اضافہ کرنے کے لیے کی ہے۔ تاکہ حق و باطل میں تمیز کر سکیں ورنہ تحقیقی طور پر دونو بیویاں اور یہ چھیوں بیٹے ثابت نہیں۔
خلفائے عُظام
آپ کے مرید و خلیفے تو کافی ہوں گے کیونکہ صاحبِ بحر السرائر نے لکھا ہے کہ ’’بسیارے جماعت از دستِ حق پرست کہ ید اللہ فوق ایدیہم مشعر بر آنست بر آمدہ و بیت نودہ ’’یعنی بڑی جماعت نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کی۔ مگر کسی کا نام دریافت نہیں ہوسکا۔
آپ کے بیٹے حضرت سید ابو البرکات محی الدین مسعود رحمۃ اللہ علیہ کے سِوا ایک بزرگ شیخ نور محمد قادری رحمۃ اللہ علیہ کا نام بعض شجروں میں دیکھا گیا ہے۔
تاریخِ وفات
حضرت سید ابو العباس حمید الدین احمد یعنی ابو المسعود علم الدین احمد گیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات بقول صاحب بحر السرائر و غوث اعظم (شنبہ بست و پنجم (25) رجب) 630ھ چھ سو تیس ہجری مطابق ہفتم مئی 1233ء ایک ہزار دو سو تینتیس عیسوی میں بعہد خلافت المستنصر باللہ ابو جعفر منصور بن الظاہر بن الناصر خلیفہ سی د ششم عباسی کے ہوئی۔
مدفن پاک
آپ کا مزار اقدس شہر حلب ملکِ شام میں مرجع خلائق ہے۔
قطعہ تاریخ
از حضرت مولانا شاہ غلام مصطفےٰ نو شاھی دام برکاتہٗ
ز دارِ عدم سَید احمد، سعید چو جستم ز دل سالِ نقلِ بزرگ |
بفضلِ الٰہی بجنت رسید ندا شد ولی متقی و وحید (۶۳۰) |
منہ
سَیْد احمد رفت چوں از اقربا |
انتقالش خواں حبیبِ با خدا(۶۳۰) |
منہ
چو رحلت کرد پیرِ ما زاحباب |
وصالش گشت شوقِ قطب اقطاب(۶۳۰) |
منہ
رفت از عالمِ فنا محبوب |
ارتحالش بداں حبیبِ خوب(۶۳۰) |
دیگر از اسماء الحسنٰے
باعث مجید (۶۳۰) |
حسیب مقیت (۶۳۰) |
عدل شکور (۶۳۰) |
قوی رشید (۶۳۰) |
سلیم ممیت (۶۳۰) |
فتاح منان (۶۳۰) |
فتاح عالم (۶۳۰) |
فتاح اعلم (۶۳۰) |
شفیع نعیم (۶۳۰) |
شفیع قدوس (۶۳۰) |
شفیع یقین (۶۳۰) |
کریم رفیع (۶۳۰) |
|
منتقم (۶۳۰) |
|
(شریف التواریخ)