/ Saturday, 15 March,2025


آپ سے تازہ ہے ہر دل کا چمن





منقبت درشان حَسَنْ برموقع عرس مبارک

حسن مارہرہ مطہرہ‘ تاج العرفاء‘ نقیب الاصفیاء‘ احسن العلماء‘

حضور سیدی وسندی مولانا مفتی سید مصطفیٰ حیدر حسن

قادری برکاتی ابوالقاسمی نور اللہ مرقدہ

زیب سجادہ ‘ خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ (ایٹہ)

 

آپ سے تازہ ہے ہر دل کا چمن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
آپ سے ہے زندگی کا بانکپن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
آپ کی ہر ہر ادا باطل شکن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
لرزاں ہے ہیبت سے کاخ اہرمن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
ہے منور بزم عرفاں آپ سے
ہے درخشاں مہر ایماں آپ سے
آپ آل مرتضیٰ ہیں آپ جان انجمن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
آپ کے در کی گدائی کیا ملی
دولت دنیا ؤ دیں گویا ملی
دور سارے ہوگئے رنج و محن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
آپ ایسی راہ پر لے کے چلے
جس سے دیں کے دشمنوں کے دل جلے
آپ نے بخشی ہمیں سچی لگن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
آپ بے شک علم کی روشن دلیل
آپ جانِ مصطفیٰ نازِ خلیؔل
آپ شانِ گلستان پنجتن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
معرفت کی آپ اک تفسیر ہیں
اور شریعت کی کھلی تحریر ہیں
اتباعِ مصطفےٰﷺ ہے پیرھن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
آپ کی نسبت سے ہم مشہور ہیں
دل نبیﷺ کے عشق سے معمور ہیں
آپ پر قرباں ہمارے جان و تن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
آپ نے ہم کو امؔیں ایسا دیا
جس پہ ہے ہر افؔضل و اشرؔف فدا
ہے وہ ناز و افتخار انجمن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
ہو بہو دو آپ کی تصویر ہیں
اول و آخر ‘ آپ کی تنویر ہیں
بالیقیں ہیں نازش سرو و سمن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
گل کھلے ہیں دل کے ہے منظر عجیب
آئے ہیں شاید کہ شہزادے نجیؔب
آپ سے لیکر کوئی لعل یمن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن
ہر گھڑی محموؔد اب محمود ہے
وہ ملے گا سب کا جو مقصود ہے
ہر زباں پر آج ہے یہ ہی سخن
اے حسن میرے حسن پیارے حسن

(فقیر کی عرض کردہ منقبت جو عزیز دوست حاجی محمود احمد محمودد برکاتی نے ۱۹ جمادی الاولیٰ ۱۴۱۹ھ کو کراچی میں عرس پر پیش کی)