اے حضرت حسّان یہ ساعت ہو مبارک
روضہ پہ حضوری کی سعادت ہو مبارک
پُر کیف سفرِ حج زیارت ہو مبارک
تم کو اَبَدِیْ کیف و مَسرّت ہو مبارک
میخانۂ مکّہ کی وہ سرمست فضائیں
وہ بادۂ زم زم کی حلاوت ہو مبارک
آغوش میں رحمت کی وہ دن رات کا عالم
عَرفَات کے میدان کی وسعت ہو مبارک
وہ عطر میں ڈوبی ہوئی پر کیف ہوائیں
وہ وقت سحر بارش نگہت ہو مبارک
بوسے ہوں مبارک درِ والائے نبیﷺ کے
دربارِ شہنشاہِ رسالت ہو مبارک
ہر گام پہ بخشش کا وہ پیغام مسرت
ہر گام پہ سرکارﷺ کی رحمت ہو مبارک
جن کے لبِ رحمت پہ ہے منْ زَاْر کا مژدہ
اُس جانِ مسیحا کی شفاعت ہو مبارک
اب آپ دعا کیجئے احمدؔ کیلئے بھی
پھر مجھ کو عطا اور بھی ساعت ہو مبارک
ذوالحجہّ ۱۴۳۸ہجری ستمبر ۲۰۱۷ء