اے شہنشاہ رسالتﷺ آپ پر لاکھوں سلام
خاتم دور نبوت آپ پر لاکھوں سلام
جاں نثاران نبوت آپ پر لاکھوں سلام
اے نبیﷺ کے آل عترت آپ پر لاکھوں سلام
صدقہ اس پیارے نبیﷺ کی رحمت بے پایاں کا
اے نبیﷺ کی پیاری امت آپ پر لاکھوں سلام
اے امام اہل سنت آپ پر لاکھوں سلام
بلبل باغ رسالت آپ پر لاکھوں سلام
دین احمد کے مجدد اے ہدایت کے چراغ
ماحئ کفر و ضلالت آپ پر لاکھوں سلام
عاشق صادق ہیں کسکے احمد مختارﷺ کے
مستحق سر وحدت آپ پر لاکھوں سلام
ظل محبوب خداﷺ، سایہ غوث الوریٰ
بوحنیفہ کی نیابت آپ پر لاکھوں سلام
قطب رب ذوالمنن نوری صدر انجمن
اہل سنت کی سیادت آپ پر لاکھوں سلام
اہل سنت کے جگر آقائے نعمت کے پدر
دین احمد کی حمایت آپ پر لاکھوں سلام
درس تسلیم و رضا کا آپ کے در سے ملا
پیکر نور طریقت آپ پر لاکھوں سلام
انبیاء اولیاء کے سچے پیرو آپ ہیں
جامع شرع و طریقت آپ پر لاکھوں سلام
صدق میں ثابت قدم کوہ گراں کی مثل آپ
کیسی پختہ تھی ارادت آپ پر لاکھوں سلام
شاہ تقریر و قلم اے حافظ دین متیں
وارث شاۂ رسالت آپ پر لاکھوں سلام
مردہ سنت فضل رب العالمین سے زندہ کی
اے محی دین و ملت آپ پر لاکھوں سلام
زندگی اپنی رضائے مصطفیٰﷺ میں کی تمام
کیسی سچی تھی ولایت آپ پر لاکھوں سلام
تھے اشداء علیٰ الکفار کی تفسیر آپ
معنی رحمت بہ ملت آپ پر لاکھوں سلام
اہل باطل کو پکارا دین حق کی راہ پر
پیکر رشد و ہدایت آپ پر لاکھوں سلام
پھوڑ ڈالی چشم باطل توڑ دی اس کی کمر
مرحبا یا اعلیٰ حضرت آپ پر لاکھوں سلام
اعلیٰ حضرت کے گھرانے پر رہے ابر کرم
خاندان اعلیٰ حضرت آپ پر لاکھوں سلام
یا الہٰی مفتئ اعظم کو عطا کر عمر نوح
جانشین اعلیٰ حضرت آپ پر لاکھوں سلام
آستانِ عالیہ پر پیش کرتا ہے سخی
غنچۂ حسن عقیدت آپ پر لاکھوں سلام
خانقاہ اعلیٰ حضرت پر سخی یوں عرض کر
دو عطاء سر وحدت آپ پر لاکھوں سلام