/ Friday, 14 March,2025


اللہ اللہ یہ گنہگار پہ شفقت تیری





اللہ اللہ یہ گنہگار پہ شفقت تیری

بخشوا نے کو ہے بے چین شفاعت تیری

 

ٹوٹ جاتا ہے جہاں سارے سہاروں کا غرور

رنگ لاتی ہے وہاں صرف عنایت تیری

 

اپنی خوش بختی پہ ہے ناز کا ہم کو بھی جواز

ہر قدم پر ہمیں حاصل ہے حمایت تیری

 

تیری یادوں سے مہکتا ہے خزاں دیدہ چمن

میرا سرمائیہ ہستی ہوئی نکہت تیری

 

کتنا آمادۂِ رحمت ہے کرم صلّی ِ علیٰ

لب ہلانے نہیں دیتی ہے سخاوت تیری

 

حُسن ہستی ہے تجلی ءِ خدا بھی تو ہے

فی الحقیقت تو زیارت ہے زیارت تیری

 

کم نظر ہی ہمیں محتاج سمجھ سکتے ہیں

ہم فقیروں کا اثاثہ ہے محبت تیری

 

بس یہی دیدۂِ بے خواب دعا کرتا ہے

نظر آئے کسی صورت سے بھی صورت تیری

 

تیری رحمت نے ہی خاؔلد کو یہ بخشا اعزاز

فکر و آواز کا سرمایہ ہے مدحت تیری