بہت بے بس بہت بے کس ہیں اب ہم
نہیں ہے آج، اپنا کوئی ہمدم
عدو ہے برسرِ آزار ہر دم
مدد لِللہ اے سرکارِ عالم!
زمہجوری بر آمد جانِ عالم
ترحّم یانبی اللہ ترحّم
زبس ناکارہ و بدکار ہیں ہم
سراپا معصیت کردار ہیں ہم
بد ہیں ذلیل و خوار ہیں ہم
مگر بندے تِرے سرکار ہیں ہم
زمہجوری بر آمد جانِ عالم
ترحّم یانبی اللہ ترحّم
نہیں دُنیا میں اب کوئی ہمارا
ہمیں ہے آپ ہی کا اِک سہارا
تحمّل کا نہیں اب ہم میں یارا
ہمارے آپ ہیں اور آپ کے ہم
زمہجوری بر آمد جانِ عالم
ترحّم یانبی اللہ ترحّم
یہ مانا ہم بہت سرکش ہیں مولا
تِرے احکام کی کچھ کی نہ پروا
ہوئے اپنے ہی کرتوتوں سے رسوا
خود اپنے آپ سے بیزار ہیں ہم
زمہجوری بر آمد جانِ عالم
ترحّم یانبی اللہ ترحّم
مسلماں ہر جگہ مشقِ ستم ہیں
مسلماں ہر جگہ وقفِ اَلم ہیں
مسلماں ہر جگہ مصروفِ غم ہیں
تِرے بندوں پہ یہ بیداد پیہم!
زمہجوری بر آمد جانِ عالم
ترحّم یانبی اللہ ترحّم
تم ہی نے تو ہمیں ایمان بخشا
تم ہی نے تو کیا بخشش کا وعدہ
شفاعت کا تمہارے سر ہے سہرا
تم ہی مہجور برہاںؔ کے ہو ہمدم
زمہجوری بر آمد جانِ عالم
ترحّم یانبی اللہ ترحّم