/ Friday, 04 April,2025


ہے جو اِس دل کا مُدَّعا، یا رب!





مُناجات

 

ہے جو اِس دل کا مُدَّعا، یا رب!
اپنی رحمت سے کر عطا، یا رب!
بَہ طُفیلِ نبی رسولِ کریم
ہو اِجابت مِری دعا، یا رب!
اب تو میں بے طرح تڑپتا ہوں
ہوں مِری مشکلیں روا، یا رب!
اور یہ بھی تیری جناب میں ہے
اب کفایت کی التجا، یا رب!
یعنی نظمِ نسیمِ جنّت میں
ہو گئی ہو جہاں خطا، یا رب!
اپنے پیارے حبیب کے صدقے
اُس خطا کو بھی بخشنا، یا رب!
مُونِسِ روزگارِ کاؔفی ہو
نعت و اَوصافِ مصطفیٰ، یا رب!