/ Friday, 14 March,2025


ہمارے آقا ہمارے مولی امام اعظم ابو حنیفہ





ببارگاہ امام الائمہ کاشف النعمہ امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

ہمارے آقاہمارے مولیٰ امام اعظم ابو حنیفہ ﷛
ہمارے ملجاء ہمارے ماویٰ امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

زمانہ بھر نے زمانہ بھر میں بہت تجسس کیا ولیکن
ملا نہ کوئی امام تم سا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

سپہر علم و عمل کے سورج تمہی ہو سب ہیں تمہارے تارے
تمہی سے چمکا ہے جو بھی چمکا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

تمہارے آگے تمام عالم نہ کیوں کرے زانوئے ادب خم
کہ پیشوایانِ دین نے مانا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

نہ کیوں کریں ناز اہل سنت کہ تم سے چمکا نصیبِ امت
سراجِ امت ملا ہو تم سا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

خدا نے تجھ کو وہ دی ہے رفعت کہ تیرا منسوب بھی ہے مرفوع
تیری اضافت میں رفع پایا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

ہوا اُولیٰ الْاَمر سے یہ ثابت کہ تیری طاعت ضروری واجب
خدا نے تم کو کیا ہمارا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

کسی کی آنکھوں کا تو ہے تارا کسی کے دل کا بنا سہارا
مگر کسی کے جگر میں آرا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

جو تیری تقلید شرک ہوتی محدثین سارے ہوتے مشرک
بخاری و مسلم ابن ماجہ امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

کہ جتنے فقہاءمحدثین ہیں تمہارے خرمن سے خوشہ چیں ہیں
ہوں واسطے سے کہ بے وسیلہ امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

سراج تو ہے بغیر تیرے جو کوئی سمجھے حدیث و قرآں
پھرے بھٹکتا نہ پائے رستہ امام اعظم ابو حنیفہ ﷛

خبر لے اے دستگیر امت ہے سالکؔ بے خبر پہ شدّت
وہ تیرا ہو کر پھرے بھٹکتا امام اعظم ابو حنیفہ ﷛