ہر نفس کا آسرا مشکل کشا شیرخدا
رنج و غم کی ہیں دوا مشکل کشا شیرخدا
خَتَنِ رسول ہاشمی ﷺ ناز گروہ اتقیاء
یعنی علی المرتضیٰ مشکل کشا شیرخدا
آئینہ صدق و صفا اور مقتدائے اولیاء
کان ولایت باخدا مشکل کشا شیرخدا
آپ ہی کے واسطے سورج پھرا الٹے قدم
یہ ہے محبت کی جزا مشکل کشا شیرخدا
ہجرت کی شب خوابیدہ تھے بربسترِ خَیْرُ اْلبَشَرْ
اللہ رے رتبہ آپ کا مشکل کشا شیرخدا
فخر جرأت کو ہے جس پر اور طاقت کو ہے ناز
ہیں آپ ہی وہ باخدا مشکل کشا شیرخدا
آپ ہی خیبر شکن ہیں آپ ہی باطل شکن
ہر سمت شہرہ آپ کا مشکل کشا شیرخدا
صدقہ رسول پاک ﷺ کا ایسی نگاہ لطف ہو
خلوت بھی ہو جلوت نما مشکل کشا شیرخدا
یہ وقت ہے امداد کا بہر مدد اب آئیے
مشکل میں ہے بیڑا مرا مشکل کشا شیرخدا
بو بکر کے فاروق کے عثمان کے حسنین کے
صدقے ہوں مجھ کو بھی عطا مشکل کشا شیرخدا
مشکلیں حاؔفظ کی اب آسان فرما دیجئے
یا علی ہوں آپ کا ‘مشکل کشا شیرخدا