/ Friday, 04 April,2025


امام الانبیاءﷺ ایسے نبوت کے بھی خاتم ہیں





نعت شریف

خاتم ہر صفتﷺ

امام الانبیاءﷺ ایسے نبوت کے بھی خاتم ہیں
رسولوں میں نمایاں ہیں رسالت کے بھی خاتم ہیں
بیاں اتمام نعمت کا عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ میں ہے
شرف ہو کیا بیان ان کا یہ نعمت کے بھی خاتم ہیں
سراپا ظلّ رحمتﷺ ہیں کہ یہ ہیں رِحمت عالمﷺ
نبیﷺ کا وصف یہ بھی ہے کہ رحمت کے بھی خاتم ہیں
زمانہ ان کو کہتا ہے امین و حافظ و ناصر
ہر اک عاقل پہ روشن ہے امانت کے بھی خاتم ہیں
نبئ صادقِ وعدہ صفت سارے زمانے میں
یہ اِک اعجاز سرور ہے صداقت کے بھی خاتم ہیں
شب ہجراں علی﷜ کو جب سلایا اپنے بستر پر
زمانہ کہہ اٹھا، اَحْمَدْﷺ دیانت کے بھی خاتم ہیں
زمانہ دودھ پینے کا جوانی کا بھی اے حافؔظ
ہر اک انداز کہتا ہے، عدالت کے بھی خاتم ہیں
(بتاریخ: ۳۰ جمادی الاولی ۱۴۳۹؁ھ/ ۱۷ فروری ۲۰۱۸؁ء)