/ Saturday, 15 March,2025


کرم ہے تمہارا عنایت تمہاری





کرم ہے تمہارا عنایت تمہاری
دو عالم پہ بالا ہے امّت تمہاری


شہیدٌ علیٰ النّاس اُمّت تمہاری
وَلٰکِنْ کَفَانَا شہادت تمہاری


نہ پایا کسی نے نہ پائے گا کوئی
یہ رُتبہ تمہارا یہ عزّت تمہاری


اسے پھر جہنّم سے کیا ہو علاقہ
ہے جس دل میں سرکار اُلفت تمہاری


سبھی چاہتے ہیں وسیلہ تمہارا
بھلا کس کو چھوڑے شفاعت تمہاری


اُنہیں بے کَسی میں جس نے پُکارا
بڑھی، کھولے آغوش رحمت تمہاری


عنایت تو اعدا پہ بھی ہو رہی ہے
غلاموں کو کیا چھوڑے رافت تمہاری


اگرچہ معاصی میں سرشار ہیں ہم
مگر ہے تو آخر شفاعت تمہاری


کرو خادمِ شرع بُرہاںؔ کو اپنے
کہ خدمت خدا کی ہے خدمت تمہاری


طریقہ کرو اپنے آباء کا روشن
اسی میں ہے بُرہانؔ عزّت تمہاری