کرم کر اے خدا مجھ پر شہِ ابرارﷺ کے صدقے
خطائیں معاف کر میری شہ اختیارﷺ کے صدقے
رجب خالی گیا میرا نہ کی شعبان میں نیکی
عطا فرما دے رمضاں میں شب انوار کے صدقے
کریمی تیری پنہاں ہے ھُوَ فِی شَان میں مولا
خطا میری چھپا دے رب ان ہی اسرار کے صدقے
فقط تو غافِرُ الذنبِ فقط تو قابلُ التوبہ
کریما بخش دے مجھ کو صفت غفّار کے صدقے
کرم تو تیری سنت ہے سخاوت تیری عادت ہے
تو مجھ سے در گزر فرما میرے سرکار کے صدقے
درودوں سے سلاموں سے نبیﷺ کی نعت پڑھتا ہوں
خدایا بخش دے مجھ کو نبی مختارﷺ کے صدقے
یہ حافؔظ خاطی و عاصی نبیﷺ کے در پہ آیا ہے
خدایا پھر کرم فرما شہِ ابرار کے صدقے
(۱۳ رمضان ۱۴۳۸ھ، ۹ جون ۲۰۱۷ء)