/ Wednesday, 02 April,2025


کس قدر شان سے آتا ہے مبارک رمضان





کس قدر شان سے آتا ہے مبارک رمضان
رونقیں  ساتھ میں لاتا ہے مبارک رمضان

رب ہے روزوں کی جزا، پڑھ لو حدیثِ قدسی
یہ شرف خوب دلاتا ہے مبارک رمضان

 رحمت اور بخششوں کا بن کے سبب، آزادی
نارِ دوزخ سے دلاتا ہے مبارک رمضان

 ختمِ قرآں بھی تراویح میں ہوتے ہیں بہت
حُبِّ قرآں کو بڑھاتا ہے مبارک رمضان

 اعتکاف اور تراویح و شبِ قدر کی بھی
محفلیں خوب سجاتا ہے مبارک رمضان

 فرض کی مثل ملا کرتا ہے نفلوں کا ثواب
یہ فضیلت بھی دلاتا ہے مبارک رمضان

فرض اعمال کا ستّر گنا ملتا ہے ثواب
فضل کا تاج سجاتا ہے مبارک رمضان

ماہِ رمضاں کی شبِ قدر میں اُترا قرآن
شان کتنی بڑی پاتا ہے مبارک رمضان

جھوم اُٹھتی ہے خوشی سے یہ ضیائے طیبہ
چاند جب اپنا دکھاتا ہے مبارک رمضان

جب گھڑی آتی ہےفرقت کی توسوغاتِ عید
جاتے جاتے دیے جاتا ہے مبارک رمضان

اے نؔدیم! اِس مہِ ذی شاں کے فضائل ہیں بہت
برکتیں خوب لٹاتا ہے مبارک رمضان