/ Thursday, 13 March,2025


کون ہے نعتِ نبیﷺ میں ہم زباں جبریل کا





وہ امام اہلسنت عبقری اسلام کا

راجہ رشید محمود (لاہور)

کون ہے نعتِ نبیﷺ میں ہم زباں جبریل کا
مدحت آقاﷺ میں ہے محمود کا جو مقتدا
روح و جاں کی کیفیت کو روپ لفظوں کا دیا
کس نے لکھا اپنی تحریروں میں دل کا ماجرا
سر پہ ہے سایہ فگن کس کے ردائے مصطفیٰﷺ
سینۂ مہتاب میں ہے عکس کس کی چاہ کا
غوث اعظم﷜ کی محبت کا سبق کس نے دیا
لامکاں کے میہماں کا کس سے ملتا ہے پتا
کون ہے ، جس کے فتاویٰ ہیں ہمارے رہنما
کس کے ملفوظات و تصنیفات کا چرچا ہوا
دولت عشق پیمبر کس کو حاصل ہوگئی
گنج استغنا سے کون اس درجہ بہرہ ور ہوا
زندگی ہے سینۂ الفت میں کس کے نام سے
ہے رواں سکہ دل مسلم پہ کس کے نام کا
بستئ اوہام کس کی کوششوں سے ڈھے گئی
منزل ایقان و عرفاں کا ملا کس سے پتا
کون ہے ، لکھتا رہا جو خامۂ احساس سے
لوح اخلاص و محبت پر حروفِ خوشنما
زندگی کس کی رہی ہے ہر برائی کی حریف
کون احقاق حق و ابطال باطل کی صدا
ہر فصیل قلعۂ باطل ہوئی دیوار ریگ
کام یہ کس صاحب عظمت کی ٹھوکر سے ہوا
الفت سرکار کے کس نے کھلائے ہیں گلاب
کس نے بخشش کے حدائق کا کیا ہے تذکرہ
کس کا ہر نکتہ ہے اسرار و غوامض کا جہاں
کس کی تحریروں کا ہر فقرہ معافی آشنا
علم کس کا ہے ہمہ گیر اور کس کے خانہ زاد
ہئیت و توقیت ہیں اور صرف و نحو و فلسفہ
وارثِ علم نبوت کون ہے، از بر جسے
ہیں ریاضی، منطق و تاریخ و جغرافیہ
جو صدی گزری، محدد اس کا بے شک و گماں
کون ہے اس بندۂ محبوبِ خالق کے سوا
وہ امام اہل سنت عبقری اسلام کا
سیدی احمد رضا خاں ہے فنا فی المصطفیٰﷺ