/ Friday, 14 March,2025


کیا کیا نہ ملا رابطہءِ سرور دیںﷺ سے





کیا کیا نہ ملا رابطہءِ سرور دیںﷺ سے

ہر کام نوازا ہے ہمیں فتح ِ مبین سے

 

پہچان لئے جائیں گے محشر میں یہ سورج

سجدوں کے نشانات نمایاں ہیں جبیں سے

 

وہ رحمتِ کونین ہیں محدود نہیں ہیں

پایا بھی یہیں ان کو پکارا بھی یہیں سے

 

ہے قبلہء حاجات درِ احمد ِ مختارﷺ

جو کچھ ہمیں ملتا ہے وہ ملتا ہے یہیں سے

 

سرکارﷺ کے قدموں میں جگہ مل گئی جن کو

افلاک کی نسبت وہی رکھتے ہیں زمیں سے

 

تابانیء خورشید و قمر ان پہ تصدق

جن ذروں کو نسبت ہے مدینے کی زمیں سے

 

پوچھے کوئی خاؔلدسے ہے کیا نعت کا فیضان

دن رات پیام آتے ہیں فردوس بریں سے