/ Friday, 14 March,2025


منقول ہے قول شیخ عمراں






منقول ہے قول شیخ عمراں
فرماتے ہیں اس طرح وہ ذیشاں

اک دن میں گیا حضور سرکار
اور عرض یہ کی کہ شاہِ ابرار

گر کوئی با ادعاے نسبت
کہتا ہو کہ ہوں مرید حضرت

واقع میں نہ کی ہو بیعت اُس نے
پائی نہ ہو یہ کرامت اُس نے

خرقہ نہ کیا ہو یاں سے حاصل
کیا وہ بھی مریدوں میں ہے داخل

گویا ہوئے یوں خدا کے محبوب
جو آپ کو ہم سے کر دے منسوب

مقبول کرے خداے برتر
ہوں عفو گناہ اس کے یکسر

ہو گرچہ َاسیرِ دامِ عصیاں
ہے داخلِ زمرۂ مریداں (۱)

ہاں مژدہ ہو بہرِ قادریاں
ہے جوش پہ بحر فیضِ احساں

دیکھے تو کوئی حسنؔ کہاں ہے
وہ وقفِ غم و محن کہاں ہے

کہہ دو کہ گئی اَلم کی ساعت
سرکار لٹا رہے ہیں دولت

سلطان ہے بر سرِ عطا آ
دامن پھیلائے دوڑتا آ

کیوں کوہِ اَلم تجھے دبائے
کیوں کاوِشِ غم تجھے ستائے

سرکارِ کریم ہے یہ دربار
دربارِ کریم ہے دُربار

جھوٹوں بھی جو ہو غلام کوئی
اُس کا بھی رُکے نہ کام کوئی

رد کرنے کا یاں نہیں ہے معمول
ہیں نام کی نسبتیں بھی مقبول

تجھ کو تو ہے واقعی غلامی
لے دولت عشرتِ دوامی

اس ہاتھ میں آ کے ہاتھ دیجیے
اور دونوں جہاں میں چین کیجیے

احسانِ خدا کہ پیر پایا
اور پیر بھی دستگیر پایا

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
(۱) سرکار غوث پاک رضی اللہ عنہ نے نہ صرف مریدوں میں قبول فرمایا بلکہ مزید بشارت عطا فرمائی چنانچہ بہجۃ الاسرار : 193 پر ہے: رَبِّیْ عَزَّوجَلَّ وَعَدَنِیْ اَنْ یَدْخُلَ اَصْحَابِیْ وَ…کُلُّ مُحِبّی فِی الْجَنَّۃِ یعنی میرے رب نے مجھ سے وعدہ فرمایا ہے کہ میرے مریدوں اور میرے ہم مذہبوں اور مجھ سے محبت کرنے والوں کو جنت میں داخل کرے گا۔ قادری