/ Thursday, 13 March,2025


مہر نبوت ‘ ماہ رسالت ‘ رحمت سے بھر پور





مِدحت نبیﷺ

 

مہر نبوت ‘ ماہ رسالت ‘ رحمت  سے بھر پور
ایک نگاہ لطف ادھر بھی ‘ شفقت سے بھرپور
آپ کی آمد سے ہی بنی ہیں ، راحت دل کا ساماں وہ
ایسی راہیں جو تھیں پہلے کلفت سے بھرپور
آپ کے آنے سے ہی ہوا ہے جگمگ جگمگ عالم یہ
آپ سے پہلے سارا جہاں تھا ظلمت سے بھرپور
ہر اک رنج و غم کا مداوا ‘ دنیا ہو کہ عُقْبٰی ہو
نامِ محمدﷺ دونوں جہاں میں راحت سے بھرپور
اُن کے پسینے کی خوشبو سے تیری ہوائیں مہکی ہیں
شہر مدینہ تیری فضا ہے نکہت سے بھرپور
عرش پہ اس کےپاؤں کی آہٹ‘ وجہ سحر ہے اس کی اذاں
اللہ اللہ ان کی غلامی ‘ رفعت سے بھرپور
ان کے ہی کردار و عمل سے سارا عالم رو شن ہے
ان کے گھر کا بچہ بچہ لَمْعَتْ سے بھرپور
ملی کہاں ہے کسی نبی سے آپ سے پہلے شاہِ امم
میرے آقا ایسی محبت ‘ اُمّت سے بھرپور
وہ ہیں امین کُنْتُ کَنْزاَ ‘ بزمِ دَنیٰ کے مہماں وہ
سِدْرَہ سے آگے ان کی خلوت ‘ جلوت سے بھرپور
شجر و حجر محکوم ہیں ان کے، جِنُّ و بشر کی بات ہے کیا
ان کو دیا ہے رب نے رتبہ طاقت سے بھرپور
ان کے دشمن رب کے دشمن ، بوجہل کے ساتھی ہیں
طوق گلے میں ان کے پڑا ہے ‘ لعنت سے بھرپور
سجدہ گہہِ غلمان و ملک ہے ، رشک مہر و ماہ فلک
ان کی نسبت سے ہے مدینہ ‘ حرمت سے بھرپور
ہم سے کہاں ہو مدح ان کی ‘ جنکا ثناخواں خالق ہے
حاؔفظ پورا قرآن ان کی مدحت سے بھرپور
(۱۴  اکتوبر  ۱۹۹۵ء)