مومنو وقت ادب ہے آمد محبوب رب ہے
جائے آداب و طرف ہے آمد شاہ عرب ہے
غنچے چٹکے پھول مہکے شاخ گل پر مرغ چہکے
روتا ہے شیطاں یہ کہہ کے آمد شاہ عرب ہے
خواہش ِزلفِ نبی میں مست ہیں گُل کی شمیمیں
جھوم کر آئیں نسیمیں آمد شاہ عرب ہے
بدلیاں رحمت کی چھائیں بوندیاں رحمت کی آئیں
اب مرادیں دل کی پائیں آمد شاہ عرب ہے
بج رہے ہیں شادیانے بُت لگے کلمہ سنانے
ہر زباں پہ ہیں ترانے آمد شاہ عرب ہے
ابرِ رحمت چھا گیا ہے کعبے پہ جھنڈا گڑا ہے
باب ِرحمت آج واہے آمد شاہ عرب ہے
قصر ِکِسریٰ کانپتا ہے خشک سا واہوگیا ہے
ہر طرف سےیہ صدا ہے آمد شاہ عرب ہے
آتا وہ ماہ ِلِقا ہے جس پہ پیارا کبریا ہے
دوجہاں میں غُلغُلہ ہے آمد شاہ عرب ہے
آنے والا ہے وہ پیارا دونوں عالم کا سہارا
کعبے کا چمکا ستارہ آمد شاہ عرب ہے
آتا ہے شاہ ِحکومت فرض ہے جس کی اِطاعت
ہر نبی نے دی بشارت آمد شاہ عرب ہے
ہونے والی وہ سحر ہے جو سحر رشک قمر ہے
مقدم خیر البشر ہے آمد شاہ عرب ہے
اٹھو آیا تاج والا عرش کی آنکھوں کا تارا
سب کہو اے ماہ طیبہ صلوات اللہ علیک
یا نبی سلام علیک یارسول سلام علیک
یا حبیب سلام علیک صلوات اللہ علیک
آمنہ بی بی کا جایا بارہویں تاریخ آیا
صبح صادق نے سنایا صلوات اللہ علیک
السلام اے جان عالم السلام ایمان عالم
شاہ ِدیں سلطان عالم صلوات اللہ علیک
خاتم دور رسالت اختر بُرج ِہدایت
فاتح باب شفاعت صلوات اللہ علیک
السلام اے شاہ عالی السلام امت کے والی
عرض کرتے ہیں سوالی صلوات اللہ علیک
نوح کے تم نا خدا ہو خلق کےمشکل کشا ہو
سب کے تم حاجت روا ہو صلوات اللہ علیک
بخش دو میری خطائیں دور ہوں غم کی گھٹائیں
بھیج دو اپنی عطائیں صلوات اللہ علیک
ہوں پھنسا اَفکارِ غم میں گِھرگیا رنج والم میں
دیر کیا اب کرم میں صلوات اللہ علیک
کفر کو تم نے مٹایا خاک میں اس کو ملایا
دین کا ڈنکا بجایا صلوات اللہ علیک
اب تو طیبہ میں بلالو حسرتیں دل کی نکلالو
اپنے بد کو بھی نبھالو صلوات اللہ علیک
دل میں رنگ اپنا جمادو پردۂ غفلت اٹھا دو
بخت ِخوابیدہ جگا دو صلوات اللہ علیک
جان نکلے اس طرح پر آپ کا درہو مرا سر
سامنے ہو قبر انور صلوات اللہ علیک
جانکی کے وقت آنا کلمۂ طیب سکھانا
چہرۂ انور دکھانا صلوات اللہ علیک
اے شفیع روز محشر ہیں سیہ عصیاں سےدفتر
غوث کا صدقہ کرم کر صلوات اللہ علیک
کچھ نہ کی ہم نے کمائی عمر سب یوں ہی گنوائی
اے عرب والے دوہائی صلوات اللہ علیک
حشر میں تم بخشوانا اپنے دامن میں چھپانا
ہر مصیبت سے بچانا صلوات اللہ علیک
اے شہنشاہ رسالت ہیں یہاں جو اہلسنت
تاابد سب پر ہو رحمت صلوات اللہ علیک
دین کا ہو بول بالا سنیوں کا رخ اجالا
دشمنوں کا مونھ ہو کالا صلوات اللہ علیک
بانی محفل کی آقا التجا ءمقبول فرما
پوری ہو ہر اک تمنا صلوات اللہ علیک
اس جمیؔل قادری پر ہو کرم محبوبِ داود
چشم و دل کر دو منور صلوات اللہ علیک
قبالۂ بخشش