یہ جو مروی حدیثِ حضرت ہے
جائے عبرت ہے جائے عبرت ہے
شاہِ لَوْلَاک نے یہ فرمایا
حق کے محبوب نے کہا ایسا
یعنی وہ شخص ہے شدید بخیل
سب بخیلوں سے ہے شدید بخیل
جس کسی نے کہ میرا نام لیا
اور سن کر دُرود کو نہ پڑھا
چاہیے تھا اُسے دُرود پڑھے
نام میرا سنا تھا جس لمحے
نہ کہا نام سن کے صَلِّ عَلٰی
پس بخیلی میں وہ شدید ہُوا
اے محبّو! سنو جب آپ کا نام
بھیجو اُن پر دُرود اور سلام
نامِ حضرت پہ لاکھ بار دُرود
بے عدد اور بے شمار دُرود
ہم کو پڑھنا خدا نصیب کرے
دم بَہ دم اور بار بار دُرود
کون جانے دُرود کی قیمت
ہے عجب دُرِّ شاہ وار دُرود
مومنو! آپ پڑھے جاؤ
با ادب اور باوقار دُرود
تا بکے عشق ِ گُل میں نوحہ کرے
گُل سے بہتر ہے یہ ہزار بار دُرود
جائے مرہم ہے دل افگاروں کو
راحتِ جانِ بے قرار دُرود
نزع میں، گور میں، قیامت میں
ہر جگہ یار غم گسار دُرود
جو محبِّ نبیﷺ ہے، اے کاؔفی!
چاہیے اُس کو بار بار دُرود