/ Saturday, 15 March,2025


نبی آج پیدا ہوا چاہتا ہے





قصیدہ بوقت ذکر ولادت شریفہ برائے قیام

نبی آج پیدا ہوا چاہتا ہے
یہ کعبہ گھر اس کا ہوا چاہتا ہے

علم نصب ہے جس کا کعبہ کی چھت پر
بلند اس کا شہرہ ہوا چاہتا ہے

نہ کیوں آج کعبہ بنے رشک ِگلشن
وہ گُل جلوہ فرما ہوا چاہتا ہے

یہ رو رو کے آپس میں بُت کہہ رہے ہیں
خدا جانے اب کیا ہوا چاہتا ہے

تری ہے سماوٰ میں ساوٰ میں خشکی
نیا اب زمانہ ہوا چاہتا ہے

نِدا آرہی ہے کہ حق کے قمر کا
جہاں میں اجالا ہوا چاہتا ہے

وحوش وطیور آج گویا ہیں باہم
کہ رحمت کا دور ہوا چاہتا ہے

خریدے گا عصیاں کو رحمت کے بدلے
خریدار پیدا ہوا چاہتا ہے

یہ عالم بنایا ہے جس کا براتی
ہویدا وہ دولھا ہوا چاہتا ہے

جو عالم کو قطرے سے سیراب کردے
رواں ایسا دریا ہوا چاہتا ہے

خدا کے خزانوں کا مختار و حاکم
شہ دین و دنیا ہوا چاہتا ہے

سلاطین عالم گدا ہوں کہ اس کا
دو عالم پہ قبضہ ہوا چاہتا ہے

کہانت کے دفتر پہ آئی تباہی
ملائک کا پہرہ ہوا چاہتا ہے

یہ کہتے ہیں اشجار واحجار باہم
نبی زیب دنیا ہوا چاہتا ہے

ملائک مؤدب رہیں حکم حق سے
کہ محبوب پیدا ہوا چاہتا ہے

اٹھو بہرِ تعظیم اے اہل محفل
نبی جلوہ فرما ہوا چاہتا ہے

صلاۃ و سلام عرض کر اے جمؔیل اب
اجابت کا دروا ہوا چاہتا ہے

قبالۂ بخشش