پلایا ہے خدا نے مجھ کو جام احمد رضا خاں کا
ہمارا کعبۂ دل ہے مقام احمد رضا خاں کا
ہوا حوروں میں غل وہ نائب غوث الورٰی آیا
ذرا جنت میں دیکھو، احترام احمد رضا خاں کا
جناب غوث اعظم کا ہے سایہ اہلسنّت پر
غلام غوث اعظم ہے غلام احمد رضا خاں کا
شبیہ احمد رضا خان کی مری آنکھوں میں پھرتی ہے
میرے سینہ میں جلوہ گر ہے نام احمد رضا خاں کا
حقیقت ایک ہے دونوں کا انداز سخن دیکھو
بیان حضرت حامد، کلام احمد رضا خاں کا
جناب غوث اعظم کا ہے جلوہ ان کے چہرے پر
اسی سے قادری لیتے ہیں نام، احمد رضا خاں کا
لگا ہے قادری میلہ کھڑے ہیں سامنے منگتے
مرادیں دے رہا ہے جو دوام احمد رضا خاں کا
وہ آکے مرقد میں جو پوچھیں گے تو کس کا ہے
ادب سے سر جھکا کر لوں گا نام احمد رضا خاں کا
مہ و خورشید حیراں ہیں پتا اب تک نہیں چلتا
کہ ہے کس چرخ پر ماہ تمام، احمد رضا خاں کا
شفا بیمار پاتے ہیں، مسیحائی کا ہے جلوہ
ہے زندہ کر رہا مردے خرام احمد رضا خاں کا
’’وہابی گاندھیویہ‘‘ اب خیر مانگیں اپنی جانوں کی
کہ تیغہ ہو رہا ہے بے نیام احمد رضا خاں کا
لیا جب ہم نے نام ان کا تو دشمن پر چلی سیفی
ہمارے پاس رہتا ہے کلام، احمد رضا خاں کا
بفضل اللہ شیطاں لے نہیں سکتا میرا ایماں
کہ میں تو ہوں محبّ دل سے غلام، احمد رضا خاں کا