ہے یہ قولِ جنابِ سروَرِ دیں
اُن کے اُوپر تحیّت و تحسیں
کہ بَہ وقتِ سَماعِ بانگِ نماز
جو کوئی یہ دعا پڑھے بَہ نیاز
اور جس دم سنے اِقامت بھی
سننے والے نے یہ دعا مانگی
آئی اُس پر مِری شفاعت خاص
روزِ محشر برائے استخلاص
مومنو! قولِ مصطفیٰﷺ کو سنو
گوشِ جاں سے اب اس دعا کو سنو
رسول اللہ کی ہم کو شفاعت کا وسیلہ ہے
شفاعت کا وسیلہ اور رحمت کا وسیلہ ہے
عجب ذاتِ مکرم ہے کہ ہر اعلیٰ و ادنیٰ کو
جنابِ شافعِ روزِ قیامت کا وسیلہ ہے
بچوگے، مومنو! تم گرمیِ خورشیدِ محشر سے
لوائے احمدی ظِلِّ کرامت کا وسیلہ ہے
بَہ شکلِ عندلیبِ زار میں دن رات کہتا ہوں
کہ مجھ کو اس گُلِ باغِ رسالت کا وسیلہ ہے
جنابِ رحمتِ عالَم شفیعِ امّتِ مجرم
ہمارے واسطے، کاؔفی! شفاعت کا وسیلہ ہے