رحمتِ عالَم جنابِ مصطفیٰﷺ کا ساتھ ہو
یا الٰہی! ہے یہی دن رات میری التجا
روزِ محشر شافِعِ روزِ جزا کا ساتھ ہو
یا الٰہی! جب قریبِ نیزہ آئے آفتاب
اُس سزاوارِ خطابِ وَالضُّحٰی کا ساتھ ہو
یا الٰہی! حشر میں نیچے لوائے حمد کے
سیّدِ سادات فخرِ انبیا کا ساتھ ہو
یا الٰہی! پُل کے اوپر بھی بَہ ہنگامِ گزر
دستگیرِ بے کساں اُس پیشوا کا ساتھ ہو
یا الٰہی! جب عمل میزان میں تُلنے لگے
سیّدِ ثقلین ختم الانبیا کا ساتھ ہو
یا الٰہی! جب قیامت میں صفیں بندھنے لگیں
اہلِ بیتِ مجتبیٰ آلِ عبا کا ساتھ ہو
یا الٰہی! شغلِ نعتِ مصطفائی میں رہوں
جسم و جاں میں جب تلک میرے وفا کا ساتھ ہو
بعد مرنے کے یہی ہے کؔافی کی، یا رب! دعا
دفترِ اَشعارِ نعتِ مصطفیٰ کا ساتھ ہو