سلام اس پر کہ جس نے خدمت تجدیدِ ملت کی
سلام اس پر کہ جس نے خدمتِ تبلیغ سیرت کی
سلام اُس پر کہ جس نے راہ دکھلائی شریعت کی
سلام اُس پر کہ جس نے راہ بتلائی طریقت کی
سلام اُس پر کہ جس نے عزت شانِ نبوتﷺ کی
سلام اُس پر کہ جس نے حرمت جانِ رسالتﷺ کی
سلام اُس پر کہ جس نے رہبری کی اہل سنت کی
سلام اُس پر کہ جس نے شرم رکھ لی دین و ملت کی
سلام اُس پر کہ جس نے رمز قرآنی کو بتلایا
سلام اُس پر کہ جس نے معنی مستور سمجھایا
سلام اُس پر کہ جس نے حل کئے عقدے مسائل کے
سلام اُس پر طریقے جس نے بتلائے دلائل کے
سلام اُس پر کہ جس نے رد کئے باطل عقائد کو
سلام اُس پر کہ کچلا جس نے ان حشود و زوائد کو
سلام اُس ذات پر جو واقف سر حقیقت تھی
سلام اُس ذات پر جو ہادئ راہِ طریقت تھی
سلام اُس ذات پر جو بزم آرائے شریعت تھی
سلام اُس ذات پر جو پاسبان دینِ فطرت تھی
سلام اُس ذات پر جو صاحب عشق نبوت تھی
سلام اُس ذات پر جو شارح حسن و محبت تھی
سلام اُس ذات پر جو چشمۂ جان عقیدت تھی
سلام اُس ذات پر جو صاحب حسنِ بصیرت تھی
سلام اُس پر کہ جس کے روبرو خم یہ زمانہ ہے
اور اس کیفؔی کو بھی جس سے عقیدت والہانہ ہے