ہے روایت زبانِ جابر سے
اُس حدیث و خبر کے ذاکر سے
کہ جنابِ نبی ستودہ خصالﷺ سے
کہتے تھے ہم سے یہ حقیقتِ حال
یعنی مکّے میں ایک پتھر تھا
میرے اوپر سلام تھا کرتا
اُس کو پہچانتا ہوں میں تحقیق
اب تلک جانتا ہوں میں تحقیق
ہے یہ مذکور قبلِ بعثت کا
کہ وہ پتھر سلام کرتا تھا
اور حضرت علی بھی کہتے ہیں
کہ بَہ ہمراہیِ نبیﷺ تھا
وہ جدھر کو قدم اُٹھاتے تھے
اور حضرتﷺ جدھر کو جاتے تھے
جو حجر اور جو شجر ملتا
وہ سَلَامٌ عَلَیْک کہتا تھا
حَبَّذَا رتبۂ حبیبِ خداﷺ
سنگ نے بھی اُنھیں سلام کیا
جائے عبرت ہے، کاؔفیِ ناکام!
کہ کرے آپ کو جماد سلام
اور انسان عقل و ہوش کے ساتھ
ہو نہ مصروف وِردِ تسلیمات
بلکہ انساں کو چاہیے کہ مدام
عرض کرتا رہے دُرود و سلام
سیّدِ کائنات و خیرِ اَنامﷺ
اُن کے اوپر ہزار بار سلام
طاقِ ایوانِ آفرینش کا
ہے اُنھیں کے سبب قیام و نظام
بے نظیرِ جہاں بَہ حسن و جمال
بے مثالِ بشر بَہ خاص و عام
کیا لکھوں نعتِ صاحبِ لَوْلَاک
عقل و دانش ہے قاصر و ناکام
عَینِ ایماں ہے آپ کی اُلفت
ہے یہی دین اور یہی اسلام
ذاتِ پاکِ شفیعِ محشرﷺ کا
ہے وسیلہ ہمیں بروزِ قیام
کشتۂ شوقِ کاؔفیِ ناکام
ہیچ لیل و نہار، صبح و شام
بَہ جنابِ نبی حبیبِ خداﷺ
ہدیۂ رحمت و دُرود و سلام