یانبیﷺ یارَفَعْنا مقام السلامﷺ
نورِ مطلق کے نور تمام السلامﷺ
صبحِ فردوس جنت کی شام السلامﷺ
روح پرور خدا کا پیام السلامﷺ
اے حبیبِ خداﷺ السّلام السّلامﷺ
السلام انبیاء کے امام السلامﷺ
السلام السلام اے عرب کے حسِیںﷺ
السلام السلام اے مدینہ مکیںﷺ
السلام السلام اے جمالِ مبیںﷺ
السلام السلام اے شہنشاہِ دیںﷺ
آپ پر روز و شب، صبح و شام السلامﷺ
السلام انبیاء کے امام السلامﷺ
ایک مدّت سے مشتاقِ دیدار ہوں
در پہ کس طرح پہنچوں کہ نادار ہوں
آپﷺ کا ہوں، یہ مانا گنہ گار ہوں
اِک نگاہِ کرم کا طلب گار ہوں
آپ پر میرے مولیٰ مدام السلامﷺ
السلام انبیاء کے امام السلامﷺ
حاشا حاشا نہیں خواہشِ زر مجھے
ہاں یہ حسرت ہے اے بندہ پرور مجھے
موت آجائے در پر پہنچ کر مجھے
حاضری روز و شب ہو میسّر مجھے
صرف رہ جائے میرا کلام السلام
السلام انبیاء کے امام السلامﷺ
کاش ہو جائے مجھ پر کرم کی نظر
ہے یہ حسرت حضوری میسّر ہو گر
لوں جہاں میں مزے خلد کے عمر بھر
ہر گھڑی ہر نفس شاہِ دیں آپ پر
بھیجنا ہو فقط میرا کام السلام
السلام انبیاء کے امام السلامﷺ
روز و شب ہے مدینے کی حسرت مجھے
شاق ہے سبز گنبد کی فرقت مجھے
در پہ کر لو طلب میرے حضرت مجھے
ہے بہت دن سے شوقِ زیارت مجھے
آپﷺ کا ہے یہ اختؔر غلام السلام
السلام انبیاء کے امام السلامﷺ