حضرت مولانا ہدایت اللہ رامپوری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ
نام ونسب: آپ کا اسمِ گرامی مولانا ہدایت اللہ بن مولانا رفیع اللہ خان ہے۔ آپ کا آبائی وطن سوات تھا۔
مقامِ ولادت: آپ مولانا رفیع اللہ خان کے گھر محلّہ الف خان رام پور میں پیدا ہوئے، لیکن ہمیں تاریخِ ولادت بسیار کوشش کے باوجود نہ مل سکی۔
تعلیم وتربیت: ابتدائی کتابیں والدِ ماجد سے پڑھیں، صرف ونحوحافظ غلام علی سے اور منطق میر زاہد تک مولانا جلال الدین (المتوفّٰی 1313ھ) سے حاصل کی۔پھرحضرت علامہ مولانا فضلِ حق خیر آبادی علیہ الرحمۃ کے ورودِ رام پور کے بعد حلقہ تلامذہ میں داخل ہوکر تمام علو م وفنون میں کمال حاصل کیا، اور حدیث مولانا عالم علی حسینی نگینوی (المتوفّٰی 1295ھ) سے حاصل کی۔
بیعت وخلافت: اپنے استاذِگرامی مولانا جلال الدین علیہ الرحمۃ کےبرادرِ اصغر حضرت شاہ چھوٹے میاں علیہ الرحمۃ کے دستِ حق پرست پرسلسلۂ عالیہ قادریہ میں بیعت ہوئے۔
سیرت وخصائص: فاضلِ جلیل، عالمِ نبیل،محقق کبیر، جامع علومِ نقلیہ وعقلیہ حضرت علامہ مولانا ہدایت اللہ رامپوری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کا شمار رامپور کے جیّد اور مشہور علمائے کرام میں ہوتا ہے۔ آپ ان علما میں سےتھے جن سے علم و فضل کو شرف حاصل ہوتا ہے، اور دینِ اسلام کو عروج ملتا ہے۔ آپ کا تعلق ان علمائے حق سے ہے جنہوں نے مشکل وقت میں اپنے دین وایمان ،اورملک وملّت کی سلامتی اوربقا کے لیے عظیم قربانیاں دیں ہیں۔آپ اپنے استاذ ِ محترم حضرت علامہ فضلِ حق خیر آبادی علیہ الرحمۃ کے فکر ونظریات اور علم وعمل کی بناپر اُن کے عاشق وشیدائی تھے۔ہر جگہ ساتھ رہےاورحضرت خیر آبادی کی خدمت سرانجام دیتے رہے۔ انگریزوں کی مخالفت اور فتوائے جہاد کی وجہ سےحضرت خیر آبادی جب کالاپانی بھیج دیے گئے تب جدائی ہوئی۔ مغموم و محزون وطن واپس آئے اورتدریس شروع کردی ۔مدرسہ عالیہ میں تدریس فرماتے رہے۔ 1870ء میں مدرسۂ حنفیہ جون پور میں صدر مدرّس کی حیثیت سےتشریف لائے۔ فرقہ ضالہ وہابیہ کے ردّ و تنفر میں نامور عالمِ دین حامی ِحق حضرت خیر آبادی کے قدم بَہ قدم رہے۔ 1300ھ میں بمقام مرشد آباد بنگال کے مشہور غیر مقلد بہاری مولوی عبدالعزیزی رحیم آبادی کے مقابلے میں مذہب ِحنفیہ کو دلائل کے ساتھ ثابت فرمایا اور وہابی مولوی کو اپنے باطل مذہب کے ساتھ راہِ فرار اختیار کرنا پڑی۔آپ وسیع الاخلاق، خندہ رو، دوست آشنا، سادہ وضع، متورع و متقی اور شاگردوں پر نہایت شفیق تھے۔
وصال: بروز ہفتہ 5؍رمضان المبارک 1326ھ کو واصل بحق ہوئے۔ درگاہِ حضرت قطب الاقطاب شیخ عبدالرشید جونپوری علیہ الرحمۃ واقع رشید آباد میں مدفون ہیں۔